Sharukh khan

سلمان خان سالگرہ اپنے دوستوں اور اہلخانہ کے ہمراہ  پنویل فارم ہاؤس میں منائیں گے؛ فوٹوفائل
سلمان خان سالگرہ اپنے دوستوں اور اہلخانہ کے ہمراہ پنویل فارم ہاؤس میں منائیں گے؛ فوٹوفائل
ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کے دبنگ اداکار سلمان خان اپنی 52 ویں سالگرہ دوستوں اور اہلخانہ کے ہمراہ اپنے پنویل فارم ہاؤس میں منائیں گے جس میں اداکارہ کترینہ کیف بھی خصوصی طور پر شرکت کررہی ہیں۔
سلومیاں کی زندگی کا نیا سال ان کے لیے دوہری خوشیاں لے کر آیا ہے۔ سالگرہ کے موقع پر سلمان خان کی خوشیاں فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘کی شاندار کامیابی اورغیرمعمولی بزنس کی وجہ سے دوبالا ہوگئی ہیں۔ فلم کی کامیابی اور اپنی سالگرہ کا جشن منانے کے لیے سلمان خان نے اپنے پنویل فارم ہاؤس کا رخ کیا ہے جب کہ اداکارہ کترینہ کیف بھی ان کے ہمراہ فارم ہاؤس گئی ہیں۔


سلمان خان کی سالگرہ کے موقع پر بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے بھی ان کے لیے خوبصورت پیغام دیا ہے۔ گزشتہ روز شاہ رخ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے سلمان خان کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ’تم جیو ہزاروں سال‘اور زندگی میں خوب ترقی کرو۔ شاہ رخ نے مزید کہا کہ میرے بچے یہاں موجود ہیں اور میں ان کے ساتھ وقت گزاروں گا لہٰذا میں سلمان کی سالگرہ کے دن ان سے مل نہیں پاؤں گا لیکن جب سلمان اپنے فارم ہاؤس سے واپس آجائیں گے توہم مل کر جشن منائیں گے۔

حال ہی میں سلمان خان اور کترینہ کیف کی ریلیز ہونے والی فلم’ٹائیگرزندہ ہے‘نے کامیابی کے کئی ریکارڈ توڑنے کے ساتھ کئی ریکارڈ قائم بھی کیے ہیں۔ بھارتی تجزیہ نگار ترن آدرش کے ٹوئٹ کے مطابق فلم نے چار دنوں میں ڈیڑھ کروڑ سے زائد کا بزنس کرکے غیرمعمولی کامیابی حاصل کی ہے۔

Comments