news about cricket

 کراچی: 
قائد اعظم ٹرافی میں استعمال ہونے والی گیند پر تنقید سلمان بٹ کو مہنگی پڑ گئی جب کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہارون رشید نے سابق ٹیسٹ کپتان کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ہارون رشید نے قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں استعمال ہونے والی گیند پر تنقید کرنے والے واپڈا کے کپتان سلمان بٹ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بولراور بیٹسمینوں کو ہر قسم کا مقابلہ کرنے کیلیے تیار رہنا چاہیے، کھلاڑی اپنے خیالات کے اظہار میں جلد بازی سے اجتناب برتیں، ہمارا ڈیوک کی بال کوہی اگلی انٹرنیشنل ہوم سیریز میں استعمال کرنے کا ارادہ ہے۔
ایک سوال پر ہارون رشید نے کہا کہ ورلڈ الیون اور سری لنکا سے سیریزکے سبب ڈومیسٹک کرکٹ کے شیڈول کو بدلنا پڑا، ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی سب سے اہم تھی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں سپرلیگ کے ساتھ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا بھی انعقاد ہوگا۔

واضح رہے کہ سابق ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں متعارف کرائی جانے والی نئی گیند کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا، ان کا کہنا تھا کہ گیند کھلاڑیوں کیلیے سود مند نہیں، ایسی گیند لائیں جو ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں بھی استعمال ہو اورانٹرنیشنل کرکٹ کی تیاری میں بھی مدد کرے جب کہ اچھی گیند سے کھلاڑیوں کی اسکلز میں بہتری آنے کے ساتھ پاکستان ٹیم کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

Comments