نیب نے نوازشریف اورشہبازشریف کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی
اسلام آباد: نیب نے نوازشریف اور شہباز شریف کے خلاف قومی خزانے کو نقصان پہنچانے پر ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔
اسلام آباد میں نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیرصدارت ہوا جس میں ایگزیکٹو بورڈ نے مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف، وزیراعلی پنجاب شہبازشریف اوردیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔
نیب اعلامیے میں کہا گیا کہ شریف برادران نے مبینہ طور پر رائے ونڈ سے شریف فیملی کے گھر تک 2000 میں غیر قانونی سٹرک تعمیر کرکے قومی خزانے کو ساڑھے 12 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا۔ ایگزیکٹو بورڈ نے نندی پور پروجیکٹ میں تاخیرکے باعث قومی خزانے کو 113 ارب روپے کا نقصان پہنچانے کے الزام میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور بابراعوان کے خلاف تحقیقات کی بھی منظوری دی۔
اعلامیے میں سابق چیئرمین پاکستان تمباکو بورڈ صاحبزادہ خالد کے خلاف بدعنوانی کاریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، صاحبزادہ خالد نے اختیارات کاناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی بھرتیاں کیں جس سے قومی خزانہ کو کروڑوں روپے کانقصان پہنچا۔
اجلاس میں سابق سیکرٹری قانون وانصاف مسعود چشتی ،سابق سیکرٹری شاہد رفیع اور سابق ڈائریکٹر اعجاز بشیر کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی گئی جب کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین آصف اختر ہاشمی کے خلاف بھی بدعنوانی کاریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔
Comments
Post a Comment