India
اسلام آباد: بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا کہنا ہے کہ والدہ اور بیوی سے ملاقات کرانے پر پاکستانی عوام اور حکام کا شکرگزار ہوں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارتی دہشتگرد کلبھوشن یادیو کا والدہ اور بیوی سے ملاقات کے بعد ویڈیو پیغام جاری ہوا جو ملاقات سے قبل ریکارڈ کیا گیا تھا۔
ویڈیو بیان میں کلبھوشن نے کہا کہ میں بھارتی بحریہ کا حاضر سروس افسر ہوں اور بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کیلیے کام کررہا تھا، 2 سال پہلے بارڈر پار کرکے ایران سے پاکستان میں داخل ہوا اور پاکستانی سیکیورٹی اداروں کے ہاتھوں بلوچستان میں گرفتار ہوا، پاکستانی حکام کا رویہ بہت پیشہ ورانہ تھا اور وہ مجھ سے بہت عزت و وقار سے پیش آئے۔کلبھوشن یادیو نے کہا کہ میں نے پاکستانی حکام سے درخواست کی تھی کہ میری والدہ اوربیوی سے ملاقات کرائی جائے، میں شکر گزار ہوں کہ میری درخواست کو قبول کیا گیا۔ میں پاکستانی عوام اورحکام کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میری والدہ اوربیوی سے ملاقات کرائی۔
ویڈیو بیان جاری ہونے سے پہلے بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ کے دہشت گرد کی دفتر خارجہ میں اس کی والدہ آوانتی سودھی یادیو اور بیوی چیتنکاوی یادیو سے ملاقات کرائی گئی، 40 منٹ کی اس ملاقات میں بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ بھی موجود تھے تاہم ملاقات کے دوران انہیں ساؤنڈ پروف شیشے کے دوسری جانب جگہ مختص کی گئی تھی۔واضح رہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے جاسوس کلبھوشن یادیو کو مارچ 2016 میں بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔ بھارتی نیوی کے حاضر سروس افسر نے پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کا اعتراف کیا تھا جس پر فوجی عدالت نے کلبھوشن کو سزائے موت کی سنائی تھی، تاہم بھارت نے فیصلے کے خلاف عالمی عدالت انصاف سے رجوع کررکھا ہے۔
Comments
Post a Comment