اکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ گھٹنے کی انجری کے سبب عماد وسیم سیریز سے باہر ہوگئے جبکہ محمد نواز کو قومی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ فریکچر کی وجہ سے ڈراپ ہونے والے جنید خان کا خلا عامر یامین پُر کرینگے۔

قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ ون ڈے سیریز کیلیے منتخب تمام کرکٹرز فٹ ہیں، عماد وسیم کا پرانا مسئلہ تھا اور ڈاکٹرز ان کے ساتھ کام کریں گے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ابھی ایک ماہ کا وقت ہے اس لیے امید ہے کہ آل راﺅنڈر فٹ ہوجائیں گے۔ جیند خان کی جگہ عامر یامین کو موقع دیا گیا۔ صرف ٹی ٹوئنٹی کیلئے زیر غور کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ 9 اور 10جنوری کو لئے جائیں گے۔


انضمام الحق نے بتایا کہ صہیب مقصود کم بیک کے امیدوار ہیں اور وہ بھی ٹیسٹ پاس کرنے کے قریب تھے، این سی اے میں مزید کام کرتے ہوئے فٹنس بہتر بنانے کیلیے کام کرینگے۔ کپتان سرفراز احمد کی زیر قیادت اسکواڈ میں اظہر علی، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، حارث سہیل، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد نواز، محمد عامر، حسن علی، عامر یامین اور رومان رئیس شامل ہیں۔

Comments