Sharukh Khan

فلم ’زیرو‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ انوشکا اور کترینہ  مرکزی کردار میں دکھائی دیں گی۔ فوٹو: فائل
فلم ’زیرو‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ انوشکا اور کترینہ مرکزی کردار میں دکھائی دیں گی۔ فوٹو: فائل
 ممبئی: شاہ رخ خان نے ہدایت کار آنند رائے کے ساتھ اپنی نئی فلم کے ٹائٹل کا اعلان کردیا جب کہ ساتھ ہی فلم کی پہلی جھلک بھی دکھادی۔
بالی ووڈ کنگ شاہ رخ کا ستارہ ان دنوں گردش میں ہے یہی وجہ ہے کہ ان کی گزشتہ کئی فلمیں خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہیں اور انوشکا شرما کے ساتھ ان کی پچھلی فلم ’جب ہیری میٹ سجل‘ کی ناکامی نے اداکار کو مزید محتاط کردیا ہے۔
شاہ رخ خان آج کل ہدایت کار آنند رائے کی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کے ٹائٹل کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار تھا اسی لیے اداکار نے بھی مداحوں کو آگاہ کرنے کے لیے دلچسپ طریقہ اپنایا۔ کنگ خان نے ہدایت کار سے سوشل میڈیا پر مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ سر، فلم کے ٹائٹل کا اعلان کرنا ہے یا 2018 میں بھی گالیاں ہی کھانی ہیں۔
جس پر آنند رائے نے دلچسپ جواب دیتے ہوئے کہا کہ ارے سر اپنوں کی گالیاں ہیں یہ بھی کھالیں گے لیکن یکم جنوری کیسا رہے گا ؟ جس پر شاہ رخ خان نے اگلی ٹوئٹ میں وعدے کے مطابق نہ صرف فلم کے ٹائٹل ’زیرو‘ کا اعلان کیا بلکہ ساتھ ہی فلم کی پہلی جھلک بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔
واضح رہے شاہ رخ خان فلم ’زیرو‘ میں چھوٹے قد کے آدمی کا کردار ادا کرتے ہوئے دکھائی دیں گے جو رواں سال 21 جنوری کو ریلیز کی جائے گی جب کہ فلم میں انوشکا شرما اور کترینہ کیف بھی مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گی۔

Comments